فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بلوچستان اور پاکستان کا حال اور مستقبل ایک ہے اور ہمیشہ ایک رہے گا۔ بلوچستان باصلاحیت، ثابت قدم، محب وطن اور باوقار عوام سے مالا مال ہے۔
فیلڈ مارشل نے بلوچستان کی اہم شخصیات اور سیاسی قیادت سے ملاقات میں کہا کہ دیرپا امن و استحکام صوبے کی حقیقی معاشی صلاحیت کو بروئے کار لانے کے لیے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ بلوچستان میں امن و استحکام سرمایہ کاری کے فروغ اور انسانی و قدرتی وسائل کو عوام کی خوشحالی میں بدلنے کے لیے ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں میں صلاحیت اور مواقع کی کوئی کمی نہیں اور وہ معاشرے کا سب سے متحرک طبقہ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانا اور انہیں قومی ترقی میں کردار کے مواقع دینا پائیدار ترقی کے لیے مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔ فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان بلوچستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے دشمن کے غیر ملکی پراکسیز ہیں۔ دشمن عناصر ترقی روکنے اور ریاست و عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم قوم کے اجتماعی عزم اور ریاست کے فیصلہ کن ردعمل سے ان کے مذموم عزائم ناکام بنائے جائیں گے۔
فیلڈ مارشل نے بلوچستان کی سماجی قیادت کے امن، سماجی ہم آہنگی اور مثبت قومی مکالمے کے فروغ میں کردار کو سراہا اور کہا کہ دشمن کے منفی پروپیگنڈے کا جامع انداز میں مقابلہ کرنا ہوگا۔ جھوٹے بیانیوں کو بے نقاب کر کے بلوچستان کی حقیقی صلاحیت، ترقی اور عوام کی امنگوں کو اجاگر کیا جائے۔ بلوچستان کی تقدیر صرف بلوچستان کے عوام کے ہاتھ میں ہے۔
ملاقات میں شرکاء نے امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے عزم کا اعادہ کیا اور غیر ملکی سپانسرڈ خطرات کے خلاف ریاست اور مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام پر مرکوز ترقی کے ذریعے پرامن، مستحکم اور خوشحال بلوچستان قائم کیا جائے گا اور سچ غالب آئے گا جبکہ دشمن قوتوں کا جھوٹا بیانیہ اپنے ہی پروپیگنڈے میں دفن ہو جائے گا۔






