صدر مملکت نے 355 افراد کے لیے پاکستان سول ایوارڈز دینے کی منظوری دے دی۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو نشان امتیاز سے نوازا جائے گا، جبکہ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کو خدمات کے اعتراف میں سول ایوارڈ دیا جائے گا۔
صدر مملکت نے وفاقی وزیر احد چیمہ اور وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کو بھی سول ایوارڈ دینے کی منظوری دے دی۔
گلوکارہ ترنم ناز اور اداکارہ نشو بیگم کے لیے ستارہ امتیاز کا اعلان کیا گیا، جبکہ اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان کو ہلال امتیاز سے نوازا جائے گا۔
سیکریٹری فنانس امداد اللہ بوسال اور چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال کو بھی سول ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔
ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان کو ستارہ پاکستان سے نوازا جائے گا، جبکہ ترکیہ کے وزیر دفاع اور وزیر تجارت کو سول ایوارڈ دینے کی منظوری دی گئی ہے۔ روس کے نائب وزیراعظم کو بھی سول ایوارڈ دینے کی منظوری دی گئی۔
سائنس کے شعبے میں 6 افراد، انجینئرنگ کے شعبے میں 2 افراد، تعلیم کے شعبے میں خدمات پر 21 افراد اور طب کے شعبے میں 10 افراد کو سول ایوارڈ دینے کی منظوری دی گئی۔
آرٹس کے شعبے میں 53، ادب کے شعبے میں 29 افراد، کھیل کے شعبے میں 9 اور صحافت کے شعبے میں 11 افراد کو سول ایوارڈ دینے کی منظوری دی گئی۔
سماجی خدمت کے شعبے میں 10، پبلک سروس پر 67 افراد اور بے مثال بہادری کا مظاہرہ کرنے پر 95 افراد کو سول ایوارڈ دیا جائے گا۔
صدر مملکت نے پاکستان کے لیے خدمات پر 22 غیر ملکیوں کو بھی سول ایوارڈ دینے کی منظوری دی، جبکہ 20 اوورسیز پاکستانیوں کو بھی سول ایوارڈ دینے کی منظوری دی گئی۔





