پولیس اہلکاروں کی شہادت کا واقعہ اہم انکشافات سامنے آ گئے

بادامی باغ میں 2 پولیس اہلکاروں کی شہادت کے واقعے کی تفتیش میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ تفتیشی ذرائع کے مطابق سب انسپکٹر عدیل عاشق کو مبینہ طور پر منصوبہ بندی کے تحت ٹریپ کرکے بادامی باغ بلایا گیا جہاں ملزمان نے فائرنگ کرکے انہیں اور نائب محرر اسد کو شہید کر دیا۔

ذرائع کے مطابق ملزم ریحان بٹ کے والد فیاض بٹ نے سب انسپکٹر عدیل عاشق کو پیغام بھیجا جس میں ریحان بٹ کی بادامی باغ میں موجودگی کی اطلاع دی گئی۔ پیغام ملنے پر عدیل عاشق تھانے کا ضروری کام چھوڑ کر بتائی گئی جگہ کی جانب روانہ ہوئے اور جاتے ہوئے نائب محرر اسد کو بھی ساتھ لے گئے۔

تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں پولیس اہلکار جب مقررہ مقام پر پہنچے تو ملزمان نے ان پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی شہید ہو گئے۔ سب انسپکٹر عدیل عاشق اس بات سے بے خبر تھے کہ فیاض بٹ بھی اپنے بیٹے ریحان بٹ کے ساتھ ملا ہوا ہے اور انہیں جال میں پھنسانے کے لیے پیغام بھیجا گیا تھا۔