الیکشن کمیشن کا الیکشنز رولز کی اہم شق میں ترمیم کا فیصلہ

الیکشن کمیشن نے الیکشن رولز 2017 کی ایک اہم شق میں ترمیم کا فیصلہ کرتے ہوئے مجوزہ ترمیم کا مسودہ جاری کر دیا ہے۔

مجوزہ ترمیم کے مطابق ارکان اسمبلی کے اثاثوں اور واجبات کے گوشواروں میں کسی بھی ابہام کی صورت میں الیکشن کمیشن وضاحت طلب کر سکے گا۔ اس مقصد کے لیے الیکشن کمیشن ارکان اسمبلی، متعلقہ افراد اور متعلقہ اداروں سے بھی معلومات اور وضاحت مانگنے کا اختیار رکھے گا۔

ترمیم کے تحت مالیاتی ادارے بھی الیکشن کمیشن کی جانب سے طلب کی گئی وضاحت فراہم کرنے کے پابند ہوں گے، جبکہ الیکشن کمیشن وضاحت جمع کرانے کے لیے ایک مقررہ مدت بھی طے کرے گا۔