وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں محنت کشوں کی کم از کم اجرت میں 7.5 فیصد اضافے کی منظوری دے دی گئی۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق نئی کم از کم اجرت کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے ہوگا۔
کابینہ کے فیصلے کے تحت غیر ہنر مند مزدور کی کم از کم ماہانہ اجرت 40 ہزار روپے سے بڑھا کر 43 ہزار روپے مقرر کر دی گئی، جبکہ نیم ہنر مند، ہنر مند اور اعلیٰ ہنر مند کارکنوں کی اجرتوں میں بھی مناسب اضافے کی منظوری دی گئی۔
ترجمان کے مطابق نئی اجرتوں کا اطلاق سندھ بھر کے تمام نوٹیفائیڈ صنعتی اور تجارتی اداروں پر ہوگا تاکہ مقررہ اجرتی نظام پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت محنت کشوں کی فلاح اور انہیں بہتر معاشی تحفظ فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مزدوروں کے مفادات کے تحفظ کے لیے مختلف اصلاحاتی اقدامات پر بھی عمل پیرا ہے۔
اجلاس کے دوران صوبائی کابینہ نے صحت، انصاف اور محنت کشوں کی فلاح سے متعلق متعدد اہم فیصلوں کی بھی منظوری دی۔






