وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے امریکی تجارتی نمائندے جیمیسن گریئر سے ورچوئل ملاقات میں پاکستان اور امریکا کے درمیان جاری تجارتی مذاکرات میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا۔
دونوں فریقوں نے باقی ماندہ امور کو تکنیکی سطح پر جلد نمٹانے، مذاکرات کی رفتار برقرار رکھنے، تکنیکی بات چیت تیز کرنے اور تجارتی فریم ورک کو جلد حتمی شکل دینے کے لیے قریبی رابطہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
وزیر خزانہ نے مذاکرات میں پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کے ساتھ مضبوط تجارتی اور سرمایہ کاری شراکت داری پاکستان کی اہم ترجیح ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعاون پاکستان کی برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کی حکمت عملی کے لیے نہایت اہم ہے۔
انہوں نے پاکستان اور امریکی ایکسپورٹ امپورٹ بینک کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے دونوں ممالک کے کاروباری حلقوں کے لیے تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
امریکی تجارتی نمائندے جیمیسن گریئر نے مذاکرات میں پاکستان کے مسلسل تعاون کو سراہتے ہوئے لیبر اور ریگولیٹری اصلاحات میں پیش رفت کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ انہوں نے جبری مشقت سے متعلق قوانین پر مؤثر عملدرآمد کے لیے پاکستان کے اقدامات کی بھی تعریف کی۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں ممالک نے اپنی دیرینہ اقتصادی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی تجارت کے فروغ کے لیے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔






