پاک امریکا تجارتی مذاکرات میں پیشرفت، تکنیکی معاملات جلد نمٹانے پر اتفاق

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے امریکی تجارتی نمائندے جیمیسن گریئر سے ورچوئل ملاقات کی، جس میں پاکستان اور امریکا کے درمیان جاری تجارتی مذاکرات میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

دونوں فریقوں نے باقی ماندہ معاملات کو تکنیکی سطح پر جلد از جلد حل کرنے، مذاکرات کی رفتار برقرار رکھنے، تکنیکی بات چیت تیز کرنے اور تجارتی فریم ورک کو جلد حتمی شکل دینے کے لیے قریبی رابطہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

ملاقات کے دوران وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے مذاکرات میں پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کے ساتھ مضبوط تجارتی اور سرمایہ کاری شراکت داری پاکستان کی اہم ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعاون پاکستان کی برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کی حکمت عملی کے لیے نہایت اہمیت رکھتا ہے۔

وزیر خزانہ نے پاکستان اور امریکی ایکسپورٹ امپورٹ بینک کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاک امریکا اقتصادی تعاون سے دونوں ممالک کے کاروباری حلقوں کے لیے تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

امریکی تجارتی نمائندے جیمیسن گریئر نے مذاکرات میں پاکستان کے مسلسل تعاون کو سراہا اور لیبر و ریگولیٹری اصلاحات میں ہونے والی پیش رفت کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ انہوں نے جبری مشقت سے متعلق قوانین پر مؤثر عملدرآمد کے لیے پاکستان کے اقدامات کی بھی تعریف کی۔

ملاقات میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان اور امریکا اپنی دیرینہ اقتصادی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی تجارت کے فروغ کے لیے تعاون جاری رکھیں گے۔