خیبرپختونخوا میں آپریشن’’ 11 گرج‘‘ جاری: دہشتگردوں کے اہم ٹھکانے تباہ، بڑا جانی نقصا ن

خیبرپختونخوا میں گزشتہ دو ماہ سے آپریشن “11 گرج” کے تحت سیکیورٹی فورسز کی انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں جاری ہیں، جن میں متعدد خوارج کو ہلاک کرنے اور ان کے ٹھکانوں کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائیوں کے دوران خوارج کے سہولت کاروں کو گرفتار کیا گیا جبکہ بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق باجوڑ کے علاقے شاکرو میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران خوارج کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں متعدد ہلاکتوں اور زخمی ہونے کی اطلاعات سامنے آئیں۔ آپریشن کے دوران دیسی ساختہ بموں کو بھی ناکارہ بنایا گیا۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ زمینی کارروائیوں اور کوآڈ کاپٹرز کی مدد سے دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں تاکہ انہیں مقامی آبادی سے دور رکھا جا سکے۔

ذرائع کے مطابق آپریشنز میں شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ دہشت گردی کے خاتمے اور خیبرپختونخوا میں امن کے قیام تک کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔