کراچی (آئی این پی) ملک میں مہنگائی، بجلی، گیس، پٹرول اور اشیائے خوردونوش کی بڑھتی قیمتوں کے خلاف خواجہ سرا برادری بھی میدان میں آ گئی۔ بڑی تعداد میں خواجہ سراؤں نے کراچی پریس کلب کے باہر جمع ہو کر مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔
مظاہرے کے دوران خواجہ سراؤں کا نعرہ، “ہم سڑکوں پر بھیک مانگتے ہیں، تم آئی ایم ایف سے بھیک مانگتے ہو” سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا۔
خواجہ سراؤں نے پلے کارڈز اٹھا کر شدید نعرے بازی کی اور کہا کہ اتنی مہنگائی میں زندگی گزارنا ناممکن ہو چکا ہے، مگر حکومت عوامی مسائل پر توجہ نہیں دے رہی۔
مظاہرین نے ایندھن کی بلند قیمتوں، اشیائے خوردونوش کی بے قابو مہنگائی، بجلی کے بلوں میں غیرمعمولی اضافے، بے روزگاری اور مہنگائی کے خلاف نعروں پر مشتمل پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔
انہوں نے کہا کہ مکانوں کے کرائے، ایندھن، بجلی اور خوراک کے بڑھتے ہوئے اخراجات پورے کرنا ممکن نہیں رہا، جبکہ حکومت کمزور طبقات کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔
احتجاج کا اہتمام کرنے والے جینڈر انٹرایکٹو الائنس ایڈووکیسی گروپ کی آرادھیا خان نے کہا کہ خواجہ سرا برادری کو عزت اور احترام دیا جانا چاہیے۔
گروپ کی رہنما شہزادی رائے نے کہا کہ خواجہ سرا برادری کے بہت سے افراد نے روزگار کی تلاش کے لیے جدوجہد کی، تاہم موجودہ مہنگائی میں معمولی تنخواہ پر گزارا ممکن نہیں رہا۔
انہوں نے کہا، “مرد تو احتجاج کے بھی قابل نہیں رہے، اس لیے ہمیں نکلنا پڑا ہے۔”






