قیامت کب آئی تھی؟ شرجیل میمن کا مریم نواز کو جواب

کراچی (آئی این پی): سندھ کے سینئر وزیر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل انعام میمن نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ “قیامت 2024 میں آ چکی تھی، جب فارم 47 کے ذریعے مینڈیٹ تقسیم کیا جا رہا تھا۔”

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان میں شرجیل میمن نے کہا کہ مریم نواز کا بیان ان کی اپنی رائے نہیں بلکہ “فارم 47 کا نشہ” بول رہا ہے۔

اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ جو جماعت خود دھاندلی کی ماہر رہی ہے، وہ آج دھاندلی کا شور مچا رہی ہے، اور طنزیہ سوال کیا تھا کہ “قیامت کتنے بجے ہے؟”

مریم نواز نے ایک اور بیان میں کہا تھا کہ اگر پیپلز پارٹی کے پاس کارکردگی، بہتر طرزِ حکمرانی اور عوامی ایجنڈا ہوتا تو وہ دوسروں پر تنقید میں وقت ضائع نہ کرتی۔

دوسری جانب وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے بھی شرجیل میمن کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ “اگر 2024 میں قیامت آئی تھی تو سندھ میں چوتھی مرتبہ حکومت کیسے بنائی؟” انہوں نے الزام لگایا کہ پیپلز پارٹی نے بلدیاتی انتخابات میں بھی دھاندلی کی اور ہمیشہ سیاسی بلیک میلنگ کے ذریعے اقتدار حاصل کیا۔