لاہور (آئی این پی) پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضیٰ نے آزاد کشمیر کے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ دن دیہاڑے انتخابی ڈکیتی کی گئی اور الیکشن کمیشن نے سہولت کار کا کردار ادا کیا۔
لاہور میں سیکرٹری اطلاعات شہزاد سعید چیمہ، رانا جواد، احسن رضوی اور میاں ایوب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے حسن مرتضیٰ نے کہا کہ میرپور میں آزاد کشمیر الیکشن کمیشن کا کردار غیر جانبدار نہیں تھا بلکہ وہ انتخابی عمل پر اثرانداز ہوتا رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ مرحلہ وار انتخابات کے اعلان پر ہی انہیں خدشات تھے، جو بعد میں درست ثابت ہوئے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ مختلف حلقوں میں پولنگ اسٹیشنوں پر قبضے، ووٹوں کو نذر آتش کرنے اور کارکنوں پر حملوں جیسے واقعات پیش آئے۔ ان کے مطابق چڑھوئی سمیت متعدد حلقوں میں انتخابی بے ضابطگیاں ہوئیں جبکہ ایک کارکن بھی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔
حسن مرتضیٰ نے کہا کہ اگر ریاست غیر جانبدار رہتی تو حالات اس نہج تک نہ پہنچتے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان واقعات کی تحقیقات کے لیے ٹروتھ کمیشن قائم کیا جائے اور ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوامی حقوق کی بات کی ہے اور آزاد کشمیر میں بھی حقِ حاکمیت، حقِ ملکیت اور حقِ روزگار کے مطالبات کی حمایت جاری رکھے گی۔
پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے پنجاب حکومت کی پالیسیوں پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم اور صحت کے شعبوں میں نجکاری، کسانوں کے مسائل، مہنگائی، سیلابی صورتحال اور ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ بے ضابطگیوں پر حکومت کو جواب دینا ہوگا۔
حسن مرتضیٰ نے کہا کہ جمہوریت کی مضبوطی کے لیے شفاف انتخابات ناگزیر ہیں اور عوام کے مینڈیٹ کا احترام ہر صورت یقینی بنایا جانا چاہیے۔






