پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما، قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے قریبی ساتھی اور سابق وفاقی وزیر ملک مختار اعوان طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔
مرحوم کی نمازِ جنازہ آج 29 جولائی صبح 9 بجے ابدالی مسجد، ملتان میں ادا کی جائے گی، جس کے بعد انہیں سپردِ خاک کیا جائے گا۔
ملک مختار اعوان کا شمار پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی رہنماؤں میں ہوتا تھا اور وہ ملتان میں پارٹی کی ایک نمایاں اور باوقار سیاسی شخصیت سمجھے جاتے تھے۔
ان کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد سیاسی اور سماجی حلقوں میں گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی اور صوبائی قیادت سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے ملک مختار اعوان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کی سیاسی اور عوامی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور سوگوار خاندان سے تعزیت کی۔
ملک مختار اعوان کے انتقال پر ملتان کی سیاسی فضا بھی سوگوار رہی، جبکہ پارٹی کارکنوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے اسے شہر اور پارٹی کے لیے بڑا سیاسی نقصان قرار دیا۔






