لاہور (آئی این پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ورکرز کی مالی معاونت کے لیے راشن کارڈ پروگرام کو مزید وسعت دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر مزدور اور کارکن کا مالی تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے۔
حکومتی اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں 12 لاکھ سے زائد رجسٹرڈ ورکرز کو مریم نواز راشن کارڈ کے ذریعے اب تک 28 ارب روپے کی مالی معاونت فراہم کی جا چکی ہے، جبکہ مالی سال 2026-27 کے دوران مزید 43.2 ارب روپے فراہم کیے جائیں گے۔
پنجاب میں رجسٹرڈ ورکرز کی تعداد بڑھ کر 14 لاکھ 3 ہزار 63 ہو گئی ہے۔ ان میں سے 12 لاکھ 44 ہزار 130 ورکرز کو راشن کارڈ جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ 4 ہزار 984 کارڈز کی پرنٹنگ کا عمل جاری ہے۔
راشن کارڈ رکھنے والے رجسٹرڈ ورکرز صوبے بھر کی 62 ہزار دکانوں سے ہر ماہ 3 ہزار روپے مالیت کی اشیائے ضروریہ حاصل کر رہے ہیں۔ ستھرا پنجاب پروگرام کے ایک لاکھ سے زائد ورکرز بھی اس سہولت سے مستفید ہو رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں مالی سال 2026-27 کے لیے راشن کارڈ پروگرام کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں لیبر منسٹر منشا اللہ بٹ اور سیکرٹری دانش افضال نے پروگرام پر تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہدایت کی کہ پنجاب میں رجسٹرڈ ورکرز کی تعداد میں مزید اضافہ کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ مزدور اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ “ہر مزدور اور ہر کارکن کا مالی تحفظ اپنی ذمہ داری سمجھتی ہوں، راشن کارڈ پروگرام میں مستحق کارکنوں کی تعداد مزید بڑھائی جائے گی۔”






