سولر سسٹم پر نیٹ بلنگ کنکشن حاصل کرنے کے خواہشمند صارفین کو نئے طریقہ کار کے باعث طویل انتظار کا سامنا ہے، جبکہ کنکشن کے اجرا کا دورانیہ بڑھ کر تین ماہ سے بھی تجاوز کر گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نیٹ بلنگ پالیسی کے تحت ایکسٹینشن آف لوڈ کی منظوری، منظور شدہ لوڈ کی پرنٹنگ اور نیپرا کی جانب سے لائسنس کے اجرا میں تاخیر کے باعث کنکشن کا عمل سست روی کا شکار ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صارفین کو ڈیمانڈ نوٹس جمع کرانے کے بعد منظور شدہ لوڈ کی پرنٹنگ کے لیے تقریباً ایک ماہ انتظار کرنا پڑتا ہے۔ اگر یہ لوڈ بلنگ سائیکل کے دوران بجلی کے بل پر ظاہر نہ ہو تو صارفین کو مزید ایک ماہ انتظار کرنا پڑتا ہے، کیونکہ بجلی کے بل پر لوڈ کی تفصیلات درج ہونے سے قبل آن لائن پورٹل پر نیٹ بلنگ کی درخواست جمع نہیں کرائی جا سکتی۔
طریقہ کار کے مطابق آن لائن درخواست جمع ہونے کے بعد لیسکو صارف کے ساتھ معاہدہ مکمل کر کے تمام دستاویزات نیپرا کو بھجواتی ہے، تاہم نیپرا کی جانب سے لائسنس کے اجرا میں تاخیر کے باعث متعدد درخواستیں زیر التوا رہتی ہیں۔
لائسنس جاری ہونے کے بعد متعلقہ بجلی تقسیم کار کمپنی صارف کو نیٹ میٹر اور دیگر ضروری سامان کے لیے ڈیمانڈ نوٹس جاری کرتی ہے۔ ڈیمانڈ نوٹس کی ادائیگی اور مطلوبہ سامان کی فراہمی کے بعد ہی نیٹ بلنگ کنکشن نصب کیا جاتا ہے، جس کے باعث صارفین کو اپنے سولر سسٹم سے مکمل فائدہ حاصل کرنے کے لیے کئی ماہ انتظار کرنا پڑ رہا ہے۔






