//

یورپ جانے کے خواہشمند پاکستانی ہوشیار ہوجائیں!‌ ، اہم خبر آگئی

کراچی میں ایف آئی اے کے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سیل (ہیومن ٹریفکنگ سرکل) نے ایک سلیپر آپریشن کے دوران شہریوں کو یورپ اور دیگر ممالک بھجوانے کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے بٹورنے والے سات رکنی گروہ کو گرفتار کر لیا۔

ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے محمد اجمل کے مطابق یہ گروہ گزشتہ پانچ سال سے کراچی میں مختلف ناموں سے سرگرم تھا۔ ملزمان نے نارتھ ناظم آباد میں ایک عمارت کرائے پر لے کر جعلی دفتر قائم کر رکھا تھا، جہاں سے شہریوں سے رابطہ کر کے بیرونِ ملک ملازمت اور ویزے کے نام پر رقوم وصول کی جاتی تھیں۔

ایف آئی اے کے مطابق کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے سیکڑوں پاکستانی پاسپورٹس، جدید خودکار اسلحہ، پولیس کی وردیاں اور لیپ ٹاپ برآمد کیے گئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ گروہ ہر متاثرہ شخص سے 8 سے 10 لاکھ روپے وصول کرتا تھا۔ جب متاثرین یا ان کے اہلِ خانہ ویزے یا سفر کے بارے میں معلومات طلب کرتے تو ملزمان اپنے ساتھیوں کو پولیس کی وردیاں پہنا کر دھمکیاں دلواتے تاکہ متاثرین مزید کارروائی سے باز رہیں۔

ایف آئی اے کے مطابق اب تک 52 متاثرہ افراد سامنے آ چکے ہیں، جنہوں نے بیرونِ ملک بھیجنے کے وعدوں پر لاکھوں روپے ادا کیے تھے۔

حکام نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے اور نیٹ ورک میں شامل دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close