لاہور (آئی این پی): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی بہن نورین نیازی نے اپنے بھائی کی سیاست کے لیے ایسے بیانات دیے جو بھارتی میڈیا کی زینت بنے، جس پر عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست کی خاطر ریاست کی بے توقیری کسی صورت قابل قبول نہیں، پاکستان ہے تو سب کچھ قائم ہے، جبکہ پی ٹی آئی کی منفی ہتھکنڈوں پر مبنی سیاست دفن ہو چکی ہے۔
لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ نورین نیازی کی جانب سے پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کو تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی اور جو لوگ پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کرتے ہیں انہیں ہمیشہ رسوائی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج پوری دنیا میں پاکستان کے عزت و وقار میں اضافہ ہوا ہے اور ملک ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے۔ ان کے بقول یہ سفر آئندہ بھی جاری رہے گا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور جماعت کی خواتین رہنماؤں نے ہمیشہ عوامی خدمت کو ترجیح دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کا ہر کارکن ملکی ترقی پر یقین رکھتا ہے اور مشکل وقت میں جماعت کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ کشمیریوں کا ایک ہی نعرہ ہے، “کشمیر بنے گا پاکستان”، جبکہ دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہجرت کرنے والے کشمیریوں کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور ان کی حب الوطنی پر کسی کو شک کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر کاز کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا، جلاؤ گھیراؤ اور تشدد کی سیاست بھی کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی، جبکہ آزاد کشمیر کے انتخابات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔
عطا اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوامی مسائل پر توجہ دینے کے بجائے منفی سیاست کی گئی، تاہم پی ٹی آئی کی منفی ہتھکنڈوں پر مبنی سیاست اب دفن ہو چکی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






