اسمبلی میں ارکان کیلئے نوازشات کی برسات، اہم بل منظور

خیبرپختونخوا اسمبلی میں ارکان کی مراعات میں اضافے کا ترمیمی بل منظور، گزٹ نوٹیفکیشن جاری

خیبرپختونخوا اسمبلی نے ارکانِ اسمبلی کی مراعات اور اختیارات میں اضافے سے متعلق ترمیمی بل منظور کر لیا، جس کے بعد خیبرپختونخوا اسمبلی اختیارات، استثنیٰ اور استحقاق ایکٹ 2026 کا گزٹ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

نئے قانون کے تحت ارکانِ اسمبلی کو عدالتی معاملات میں ریلیف دیا گیا ہے۔ عدالتیں اسمبلی کے شیڈول کو مدِنظر رکھتے ہوئے کسی رکن کے مقدمے کی سماعت ملتوی کر سکیں گی، جبکہ رکنِ اسمبلی اسمبلی اجلاس کے دوران عدالت میں پیش ہونے کا پابند نہیں ہوگا، تاہم اگر وہ چاہے تو عدالتی کارروائی میں شریک ہو سکتا ہے۔

ترمیمی قانون کے مطابق اسپیکر اسمبلی کو یہ اختیار بھی حاصل ہوگا کہ وہ کسی بھی رکن کے خلاف عدالت میں چالان جمع ہونے سے قبل انکوائری کر سکیں۔

نئے بل کے تحت تمام ارکانِ اسمبلی اور ان کے شریکِ حیات کو آفیشل بلیو پاسپورٹ کا استحقاق دیا گیا ہے، جبکہ ملک بھر میں ٹول ٹیکس کی ادائیگی سے بھی استثنا حاصل ہوگا۔

قانون کے مطابق اگر کسی رکنِ اسمبلی کو سکیورٹی خدشات لاحق ہوں تو حکومت انہیں فوری طور پر ‘اے کیٹیگری’ سکیورٹی فراہم کرنے کی پابند ہوگی، جو گلگت بلتستان، آزاد کشمیر سمیت ملک بھر میں مؤثر ہوگی۔

مزید برآں، ارکانِ اسمبلی اپنے حلقے یا متعلقہ ضلع میں عوامی مقام پر اجلاس طلب کر سکیں گے، جس میں متعلقہ ضلع کے سرکاری افسران کی شرکت لازمی ہوگی، جبکہ بلاجواز عدم شرکت کو استحقاق کی خلاف ورزی تصور کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق یہ ترمیمی بل مارچ میں اسمبلی میں پیش کیا گیا تھا، تاہم اس کی منظوری اور اس میں شامل مراعات سے متعلق تفصیلات اب منظرِ عام پر آئی ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close