لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے “اپنا کھیت، اپنا روزگار” اسکیم کے تحت 30 ہزار بے زمین اور مستحق خاندانوں میں زرعی اراضی کی الاٹمنٹ کے لیے کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کر دی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ مستحق کسانوں کو چار ایکڑ زرعی زمین 20 سال کے لیے صرف 100 روپے سالانہ لیز پر فراہم کی جائے گی۔
اسکیم کے تحت پنجاب بھر میں ایک لاکھ 21 ہزار ایکڑ قابلِ کاشت سرکاری زمین 30 ہزار بے زمین خاندانوں میں تقسیم کی گئی، جبکہ ہر مستحق خاندان کو کاشتکاری کے لیے 2 لاکھ روپے مالی امداد بھی دی جائے گی۔
مریم نواز نے کہا کہ زراعت پاکستان کی معیشت کا اہم ستون ہے اور حکومت کسانوں کی فلاح و بہبود اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد بے زمین اور انتہائی مستحق خاندانوں کو معاشی خودمختاری دینا، زرعی پیداوار میں اضافہ کرنا اور کسانوں کی عزتِ نفس بحال کرنا ہے۔ ان کے مطابق تمام الاٹمنٹ میرٹ کی بنیاد پر کی گئی ہے اور اس عمل میں کسی سفارش یا سیاسی دباؤ کو قبول نہیں کیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ “اپنا کھیت، اپنا روزگار” اسکیم سے 30 ہزار خاندان مستفید ہوں گے، ایک ہفتے کے اندر الاٹمنٹ لیٹرز جاری کر دیے جائیں گے جبکہ 31 جولائی تک اراضی کا قبضہ بھی حوالے کر دیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں جہاں بھی قابلِ کاشت سرکاری زمین دستیاب ہوگی، اسے مرحلہ وار مزید مستحق خاندانوں میں تقسیم کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ بے زمین کسان اس منصوبے سے فائدہ اٹھا سکیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






