وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا بڑا ایکشن، کرپشن پر زیرو ٹالرنس اور ناقص کارکردگی پر سخت کارروائی کا اعلان

پشاور، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے نئے مالی سال کے لیے حکومتی ترجیحات واضح کرتے ہوئے کابینہ اراکین، مشیروں اور انتظامی سیکرٹریز کو گورننس، شفافیت اور عوامی خدمت سے متعلق اہم ہدایات جاری کر دی ہیں۔

ترجمان وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے مطابق وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ صوبے میں کرپشن کے لیے زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر سختی سے عمل کیا جائے گا اور کسی بھی سطح پر بدعنوانی برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے ہدایت کی کہ کرپٹ اور نااہل افسران کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے، چاہے وہ کسی کے بھی چہیتے کیوں نہ ہوں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ محکموں کی کارکردگی کا اصل معیار عوام کا اطمینان ہوگا، صرف اچھی پریزنٹیشنز کافی نہیں بلکہ عوامی مسائل کے عملی حل کو یقینی بنانا ہوگا۔

انہوں نے تمام وزراء کو ہر ماہ کم از کم سات اضلاع کے دورے کرنے، عوام سے براہِ راست رابطہ رکھنے اور مسائل کے فوری حل کی ہدایت کی۔

انہوں نے تمام محکموں کو اپنا کمپلینٹ سیل قائم کرکے اسے وزیراعلیٰ کمپلینٹ سیل سے منسلک کرنے، عوامی شکایات کے بروقت ازالے اور وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کی جانب سے کسی بھی معاملے پر رابطے کی صورت میں 24 گھنٹوں کے اندر نتیجہ فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ نے عمران خان کے وژن کے عکاس سگنیچر منصوبوں، سالانہ ترقیاتی پروگرام اور ڈی ایف سی اسکیموں پر تیز رفتار عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تمام نئی ترقیاتی اسکیموں کیلئے واضح ٹائم لائنز مقرر کی جائیں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ تین ماہ بعد تمام محکموں کی کارکردگی کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا اور عملدرآمد کی بنیاد پر سزا و جزا کا فیصلہ کیا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close