اسلامی سالِ نو پرتعطیل؛میٹرو، ٹرام اور بس سروسز کا نیا شیڈول جاری کر دیا گیا

دبئی میں نئے اسلامی سال 1448 ہجری کی تعطیل کے موقع پر شہریوں اور مسافروں کے لیے ٹرانسپورٹ اور پارکنگ سے متعلق خصوصی انتظامات کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

خبر رساں اداروں کے مطابق روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے 15 جون کے لیے سفری سہولیات، مفت پارکنگ اور سروس اوقات کار سے متعلق تفصیلات جاری کر دیں۔دبئی کی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے نئے اسلامی سال کی تعطیل کے موقع پر اعلان کیا ہے کہ پیر 15 جون کو کثیر المنزلہ پارکنگ پلازوں کے علاوہ شہر بھر میں پبلک پارکنگ مفت دستیاب ہوگی، جبکہ معمول کے پارکنگ چارجز دوبارہ منگل 16 جون سے لاگو ہو جائیں گے۔

تعطیل کے دن آر ٹی اے کے تمام کسٹمر ہیپینس سینٹرز بند رہیں گے، تاہم شہری ام رمول میں موجود کسٹمر سروس سینٹر اور دیرہ، البرشاء، الطوار، الکفاف اور آر ٹی اے ہیڈ کوارٹرز میں قائم اسمارٹ کیوسکس سے چوبیس گھنٹے خدمات حاصل کر سکیں گےجبکہ  اس روز گاڑیوں کی ٹیسٹنگ سروسز بھی معطل رہیں گی۔

تفصیلات کےمطابق ریڈ اور گرین لائن کی میٹرو سروسز صبح 5 بجے سے رات 12 بجے تک معمول کے مطابق چلیں گی جبکہ ٹرام سروس صبح 6 بجے شروع ہو کر اگلے روز رات ایک بجے تک دستیاب رہے گی۔مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ تازہ ترین شیڈول کے لیے S’hail ایپ استعمال کریں۔ الغبیبہ بس اسٹیشن سے ابوظہبی جانے والا روٹ E100، 13 سے 15 جون تک بند رہے گا، جبکہ متبادل کے طور پر ابن بطوطہ بس اسٹیشن سے روٹ E101 دستیاب ہوگا۔اس کے علاوہ سمندری ٹرانسپورٹ کی خدمات جاری رہیں گی اور ان کے اوقات کار سے متعلق معلومات آر ٹی اے کے سرکاری ذرائع سے حاصل کی جا سکیں گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close