حج 2027 کی رجسٹریشن کب سے شروع ہوگی؟جانئے

وزارت مذہبی امور نے حج 2027 کی لازمی رجسٹریشن رواں ماہ شروع کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔

ترجمان وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ حج 2027 کی رجسٹریشن کے لیے کارآمد پاکستانی پاسپورٹ کا ہونا لازمی ہے جس کی میعاد 16 نومبر 2027 تک ہونا ضروری ہے۔

وزارت مذہبی امور نے کہا کہ خواہشمند عازمین کرام جلد از جلد پاسپورٹ بنوالیں، رجسٹرڈ افراد کو سرکاری یا پرائیویٹ حج اسکیم میں شمولیت کا اختیار ہوگا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی عازمین حج کے لیے بھی رجسٹریشن لازمی ہے۔

علاوہ ازیں حج پیکیج کے اخراجات اور شرائط و ضوابط اگلی حج پالیسی کے مطابق بعد میں جاری کیے جائیں گے۔واضح رہے کہ رواں سال سرکاری حج اسکیم کے تحت ایک لاکھ 19 ہزار 210 پاکستانیوں نے فریضۂ حج ادا کیا جن پر مجموعی طور پر تقریباً 139 ارب 16 کروڑ روپے خرچ ہوئے۔

اعداد و شمار کے مطابق 77 ہزار 743 حاجیوں نے 40 سے 45 روزہ لانگ حج پروگرام کا انتخاب کیا، جو سرکاری حج اسکیم کے مجموعی حاجیوں کا 65.2 فی صد بنتا ہے۔ لانگ حج پروگرام کے تحت فی حاجی تقریباً 11 لاکھ 50 ہزار روپے ادا کیے گئے جب کہ اس پروگرام کے مجموعی اخراجات تقریباً 89 ارب 40 کروڑ روپے رہے۔سرکاری حج اسکیم کے تحت فریضۂ حج ادا کرنے والوں میں 50 ہزار 114 خواتین شامل تھیں، جو مجموعی حاجیوں کا 43.5 فی صد بنتی ہیں۔ مرد حاجیوں کی تعداد 65 ہزار 182 رہی جو کل حاجیوں کا 56.5 فیصد ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close