لاہور لاہور ہائی کورٹ نے اسموگ تدارک کیس کی سماعت کے دوران ایس ایچ اوز کو کچرا پھینکنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے اور ڈپٹی کمشنر کو غیر قانونی ڈمپنگ سائٹس پر بورڈز لگانے کا حکم دے دیا۔
سماعت کے دوران عدالت نے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے ٹھیکیدار کی جانب سے مبینہ غیر قانونی ڈمپنگ سائٹ پر کچرا پھینکنے پر برہمی کا اظہار کیا۔
جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیے کہ متعلقہ تھانے کے افسران ٹھیکیدار کو طلب کر کے سخت وارننگ دیں کہ آئندہ ایسی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔
پنجاب حکومت کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ مذکورہ ٹھیکیدار کے خلاف پہلے بھی مقدمات درج ہیں۔ اس پر عدالت نے حکم دیا کہ کچرا پھینکنے والوں کے خلاف فوری طور پر ایف آئی آر درج کی جائے۔
عدالت نے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں کچرا جلانے کے معاملے پر ڈی جی ریسکیو سے رپورٹ بھی طلب کر لی اور سماعت 11 جون تک ملتوی کر دی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






