گیس صارفین کیلئے بڑی خوشخبری

اسلام آباد: وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ حکومت جلد گیس صارفین کے لیے خوشخبری کا اعلان کر سکتی ہے، جس کے تحت مقامی سطح پر پیدا ہونے والی سستی گیس کی بنیاد پر نرخوں میں کمی یا نئی قیمتوں کا تعین کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حالیہ عالمی حالات اور خطے میں کشیدگی کے دوران مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کی سپلائی میں وقتی مشکلات پیدا ہوئیں، جس کے بعد توانائی کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے بجلی کے شعبے میں مقامی گیس کے استعمال کو بڑھایا گیا۔

وزیر پیٹرولیم کے مطابق مقامی گیس کی قیمت تقریباً 2 ہزار روپے فی ایم ایم بی ٹی یو ہے جبکہ درآمدی ایل این جی کی لاگت ساڑھے تین ہزار روپے فی ایم ایم بی ٹی یو تک پہنچ جاتی ہے، جس سے حکومت کو نسبتاً سستی توانائی استعمال کرنے کا موقع ملا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقامی گیس کی نئی قیمتوں اور پالیسی سے متعلق سمری جلد وفاقی کابینہ میں پیش کی جائے گی، اور منظوری کے بعد اس پر حتمی فیصلہ کیا جائے گا جس کے بعد عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ مشکل حالات میں ملک کی گیس ضروریات پوری کرنے کے لیے مقامی پیداوار میں اضافہ کیا گیا اور روزانہ تقریباً 40 کروڑ مکعب فٹ اضافی گیس سسٹم میں شامل کی گئی، جس سے توانائی کا نظام مستحکم رہا۔

وزیر نے یہ بھی کہا کہ حکومت گیس کے شعبے میں گردشی قرضے کے مسئلے کے حل کے لیے مختلف تجاویز پر کام کر رہی ہے تاکہ توانائی کے شعبے کو مالی طور پر مزید مستحکم بنایا جا سکے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close