اسلام آباد: پاک فضائیہ نے عیدالاضحی کے موقع پر قربانی کی آلائشوں سے جنگی طیاروں کو لاحق خطرات کے حوالے سے آگاہی ویڈیو جاری کر دی۔
ویڈیو پیغام میں کہا گیا ہے کہ قربانی کی آلائشیں اور کچرا کھلے مقامات پر پھینکنے سے سنگین خطرات جنم لے سکتے ہیں، کیونکہ اس سے چیلوں، کووں اور دیگر پرندوں کی بڑی تعداد ان مقامات کی جانب متوجہ ہوتی ہے۔
پاک فضائیہ کے مطابق ایئر بیسز کے قریب پرندوں کی موجودگی فلائٹ آپریشنز، خصوصاً طیاروں کی لینڈنگ اور ٹیک آف کے دوران شدید خطرہ بن سکتی ہے۔ پرندوں کے جہاز سے ٹکرانے کے باعث انجن اور دیگر اہم حصوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہوتا ہے، جس سے قیمتی جانوں اور طیاروں کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
ترجمان پاک فضائیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ قربانی کی آلائشوں کو کچرے کے تھیلوں میں بند کر کے حکومتی ہدایات کے مطابق مقررہ مقامات پر تلف کریں یا گہرا گڑھا کھود کر دفن کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






