اسلام آباد: پاکستان اور جرمنی کے درمیان 40.5 ملین یورو کے تکنیکی تعاون کے معاہدے پر دستخط ہو گئے ہیں، جس کے تحت جرمن ترقیاتی بینک (KfW) کے تعاون سے 9 نئے ترقیاتی منصوبے شروع کیے جائیں گے۔
وزارت اقتصادی امور کے مطابق اس معاہدے کا مقصد موسمیاتی تبدیلی، سماجی تحفظ اور قابلِ تجدید توانائی جیسے اہم شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
معاہدے پر پاکستان کی جانب سے سیکریٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم نے جبکہ جرمن حکومت کی جانب سے سفیر اینا لیپل نے دستخط کیے۔
اس موقع پر سیکریٹری اقتصادی امور نے کہا کہ پاکستان اور جرمنی کے درمیان 1961 سے قائم شراکت داری اعتماد اور تعاون کی مضبوط مثال ہے، اور اس معاہدے کے بعد دوطرفہ ترقیاتی پورٹ فولیو تقریباً 550 ملین یورو تک پہنچ گیا ہے۔
جرمن سفیر نے کہا کہ جرمنی پاکستان کے ساتھ اپنی دیرینہ شراکت داری کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور پائیدار ترقی کے فروغ کیلئے تعاون جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے اور اس کے تحت شروع ہونے والے منصوبے پاکستان کی کمیونٹیز کیلئے نمایاں فوائد فراہم کریں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






