پاک فوج اور ایف سی آپریشن، فتنہ الہندوستان کے 7 دہشتگرد مارے گئے

پاک فوج اور ایف سی بلوچستان کا ضلع بارکھان کے علاقے نوشام میں بھارتی سپانسرڈ فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف کلیئرنس آپریشن، فائرنگ کے تبادلے میں فتنہ الہندوستان کے 7 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 13 مئی 2026 کی صبح پاک فوج اور فرنٹیئر کور بلوچستان نے ضلع بارکھان کے عمومی علاقے نوشام میں ایریا سینیٹائزیشن آپریشن شروع کیا،آپریشن کا مقصد بھارتی سرپرستی میں چلنے والی فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کا خاتمہ تھا۔

آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے ایک گروہ کا سراغ لگا کر سکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کی،ہلاک دہشتگردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا، شدید فائرنگ کے تبادلے میں ایک فیلڈ افسر سمیت وطن کے پانچ بہادر سپوتوں نے جام شہادت نوش کیا۔

شہداء میں31 سالہ میجر توصیف احمد بھٹی بھی  شامل ہیں جن کا تعلق ضلع پاکپتن سے تھا،36 سالہ نائب فدا حسین کا تعلق ضلع سکھر سے بتایا جاتا ہے، 32 سالہ شہیدسپاہی ذاکر حسین  کا تعلق ضلع اسکردو ،21 سالہ سپاہی سہیل احمد کا  تعلق ضلع خانیوال، 24 سالہ سپاہی محمد ایاز کا تعلق  ضلع رحیم یار خان  کے علاقے سے بتایا جاتا ہے ۔

علاقے میں موجود دیگر بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے گرد و نواح میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے،  نیشنل ایکشن پلان کی وفاقی ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ وژن “عزمِ استحکام” کے تحت دہشتگردی کے خلاف بلا توقف مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی۔

سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشتگردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close