بیرون ملک ملازمت کے خواہشمند پاکستانیوں کو ہوشیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، کیونکہ وفاقی تحقیقاتی ادارے نے بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر شہریوں سے لاکھوں روپے بٹورنے والے تین افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے کے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل لاہور نے انسانی اسمگلنگ اور ویزا فراڈ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے لاہور اور سیالکوٹ کے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر ملزمان کو گرفتار کیا۔
حکام کے مطابق گرفتار ہونے والوں میں ایک ایسا ملزم بھی شامل ہے جو گزشتہ بارہ سال سے قانون کو مطلوب تھا اور طویل عرصے سے روپوش تھا۔
ترجمان کے مطابق ایک ملزم عباس سلہری نے شہری کو ترکی کے ورک ویزے کا جھانسہ دے کر چھیالیس لاکھ روپے وصول کیے، لیاقت علی نے کینیڈا کے ورک ویزے کے نام پر اکتیس لاکھ روپے ہتھیائے، جبکہ آصف بٹ نے ملائیشیا کے ورک ویزے کے بہانے دو لاکھ روپے بٹورے۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے کے مطابق آصف بٹ انتہائی چالاک ملزم تھا جو دو ہزار چودہ سے مفرور تھا اور گرفتاری سے بچنے کے لیے مسلسل روپوش رہا۔
ابتدائی تفتیش میں سامنے آیا ہے کہ یہ افراد شہریوں کو بیرون ملک بہتر روزگار اور روشن مستقبل کے خواب دکھا کر رقم وصول کرتے تھے، بعد میں نہ ویزا فراہم کرتے تھے اور نہ ہی رقم واپس کرتے تھے بلکہ رابطہ منقطع کر لیتے تھے۔
ادارے نے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے اور کہا ہے کہ اس نیٹ ورک میں شامل دیگر افراد کی تلاش بھی جاری ہے، جبکہ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ بیرون ملک ملازمت کے لیے صرف قانونی اور مستند ذرائع سے رجوع کریں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں





