اتحاد، سچ اور حکمت عملی—پاکستان کی کامیابی کے راز سامنے آگئے

اسلام آباد:  وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ سچائی کو شکست دینا ممکن نہیں ہوتا اور بیانیے کی جنگ میں پاکستان کے میڈیا، سوشل میڈیا اور نوجوانوں نے بھرپور ساتھ دیا، معرکہ حق میں پاکستان نے بیانیے اور سفارتی محاذ پر بھارت کو شکست دی۔اسلام آباد میں معرکہ حق کی پہلی سالگرہ پر وفاقی وزارت اطلاعات و نشریات کے زیر اہتمام کتاب The Battle of Truth (سچ کی جنگ)کی تقریب رونمائی ہوئی جہاں وفاقی وزیر عطااللہ تارڑ نے کہا کہ دنیا نے بھارت کا بیانیہ یکسر مسترد کردیا ہے۔وزیر دفاع خواجہ آصف تقریب کے مہمان خصوصی تھے، ان کے علاوہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، موجود تھے، وفاقی سیکریٹری اطلاعات و نشریات اشفاق احمد خلیل نے پکچر بک The Battle of Truth کی رونمائی کی اور اس موقع پر کتاب کے حوالے سے دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معرکہ حق میں پاکستان نے بیانیے اور سفارتی محاذ پر بھارت کو شکست دی، اللہ تعالی نے پاکستان کو بھارت کے خلاف عظیم فتح دی، پاکستانی میڈیا اور سوشل میڈیا نے معرکہ حق میں انتہائی مثبت کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ فتح کے پیچھے پوری قوم کا جذبہ اور لگن موجود تھا، ہم حق اورسچ پر تھے، سچائی کو شکست دینا ممکن نہیں ہوتا اور بیانیے کی جنگ میں پاکستان کے میڈیا، سوشل میڈیا اور نوجوانوں نے بھرپور ساتھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی مکاری، جھوٹ اور منافقت سب پر عیاں ہے، دنیا نے بھارت کے بیانیہ کو یکسر مسترد کر دیا ہے، زندہ قومیں عزت اور وقارکے ساتھ اپنا مقام خود بناتی ہیں، حق اور سچ پر ہونے کی وجہ سے اللہ تعالی کی مدد موجود رہی۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف کا تہہ دل سے مشکور ہوں، معرکہ حق کے دوران آئی ایس پی آر اور وزارت اطلاعات کے درمیان مکمل ہم آہنگی تھی، ہم نے اتحاد کے ساتھ قومی بیانیے کی ترویج کی۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد اور اتفاق کی بدولت بیانیہ کی جنگ جیتنا ممکن ہوا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close