پاکستانیوں کیلئے بڑی خوشخبری… روشن اپنی کار اسکیم شروع

کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بینکوں کے تعاون سے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ رکھنے والے اوورسیز پاکستانیوں کے لیے “روشن اپنی کار اسکیم” کا آغاز کر دیا ہے۔

اس اسکیم کا مقصد بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو اپنے اہل خانہ کے لیے آسان شرائط اور کم شرح سود پر گاڑی حاصل کرنے کی سہولت فراہم کرنا ہے۔

اسکیم کے تحت روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ ہولڈرز متعلقہ بینک کے آن لائن پورٹل کے ذریعے درخواست دے سکیں گے۔ تمام عمل مکمل طور پر ڈیجیٹل ہوگا اور کسی قسم کی کاغذی کارروائی کی ضرورت نہیں ہوگی۔

درخواست جمع ہونے کے بعد قرض کی منظوری عموماً 4 دن کے اندر دی جائے گی، جبکہ گاڑی کی فراہمی روایتی طریقہ کار کے مقابلے میں 50 فیصد تک تیز ہوگی۔

اسکیم میں دو اقسام کے فنانسنگ ماڈلز شامل ہیں:

فلوٹنگ ریٹ (Floating Rate):
اس میں شرح سود وقت کے ساتھ تبدیل ہوتی رہے گی۔ اگر درخواست گزار کے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ یا نیا پاکستان سرٹیفکیٹ میں رقوم موجود ہوں تو اسٹیٹ بینک کے فلور ریٹ پر صرف 1 فیصد اضافی شرح پر قرض دستیاب ہوگا۔ بصورت دیگر، KIBOR کی 6 ماہہ شرح پر 1 فیصد اضافی شرح لاگو ہوگی۔

فکسڈ ریٹ (Fixed Rate):
اس میں قرض کی شرح مدتِ قرض کے دوران ایک جیسی رہے گی، جو بینک اپنے اخراجات یا PKRV ریٹ کی بنیاد پر مقرر کریں گے۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق یہ اسکیم اوورسیز پاکستانیوں کے لیے آسان، تیز اور کم لاگت مالی سہولت فراہم کرنے کی جانب اہم قدم ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close