اسلام آباد: پاکستان نے واضح کیا ہے کہ افغانستان کے ساتھ کسی قسم کی عارضی جنگ بندی موجود نہیں ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق عید کے موقع پر صرف تین روز کا وقفہ دیا گیا تھا، جو اب ختم ہو چکا ہے، لہذا موجودہ صورتحال کو جنگ بندی قرار دینا درست نہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان-افغانستان سرحدی صورتحال پر برطانوی موقف زمینی حقائق کی مکمل عکاسی نہیں کرتا۔ ترجمان کے مطابق افغانستان کی جانب سے سرحد پار دہشتگردی اور دراندازی کی کوششیں مسلسل جاری رہیں اور مارچ میں پاکستان کی جانب سے جنگ بندی جیسے اقدام کے باوجود حملے بند نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ افغان طالبان کی بلااشتعال فائرنگ اور دہشتگرد کارروائیوں کے نتیجے میں 52 شہری جاں بحق جبکہ 84 زخمی ہوئے۔ ترجمان نے کہا کہ افغانستان کی جانب سے شہری ہلاکتوں سے متعلق لگائے گئے الزامات بے بنیاد اور غیر مصدقہ ہیں، پاکستان نے سرحد پار دراندازی کی متعدد کوششیں ناکام بنائیں اور اس بات پر زور دیا کہ دہشتگردی کی اصل وجوہات کو نظرانداز کرنا غیر متوازن موقف کو ظاہر کرتا ہے۔ ترجمان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ خطے کی صورتحال اور پاکستان کی قربانیوں کا ادراک کرے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






