امریکا اور ایران سے رابطے جاری—سفارتی عمل تیز ہونے کا دعویٰ

اسلام آباد:  دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن کیلئے بھرپور سفارتی کوششیں کر رہا ہے، موجودہ صورتحال یہ ہے کہ خطے میں مسئلے کے حل کیلئے سفارتی کوششیں بدستور جاری ہیں اور یہ عمل رکا نہیں ہے،تمام فریقین آبنائے ہرمز کی بحالی پر متفق ہیں، وزیراعظم کے ایران، سعودی عرب، قطر سمیت دیگر ممالک کی قیادت سے رابطے ہوئے ہیں،، افغانستان سے سرحد پار فائرنگ اور گولہ باری کی مذمت کرتے ہیں، متاثرین کی مدد کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جا رہے ہیں ،پاکستان صومالیہ کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت کرتا ہے۔جمعرات کو ہفتہ وار نیوز بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کی جنگ بندی کی اپیل کے بعد دونوں فریقین کی جانب سے سیزفائرقبول کیاگیا، سیزفائرسے خطے میں کشیدگی میں کمی آئی اور سفارتی عمل کیلئے راستہ ہموار ہوا، جنگ بندی کے نتیجے میں حملے رکے، قیمتی جانیں بچیں، انفرا اسٹرکچرکو نقصان سے محفوظ رکھا گیا۔ ترجمان نے کہا کہ جنگ بندی سے مذاکرات کیلئے سازگار ماحول پیدا ہوا، اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات کے بعد سفارتی رابطے اوربات چیت کا سلسلہ جاری ہے،پاکستان دونوں فریقین کیساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔ مختلف تجاویز، خواہ نئی ہوں یا پرانی، زیرِ غور ہیں اور فریقین ثالثوں کے ذریعے ان پر بات چیت کر رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ اندرونی سطح پر مشاورت بھی جاری ہے۔ اطلاعات ہیں کہ امریکہ میں مشاورت ہوئی ہے اور اسی نوعیت کے مشاورتی عمل تہران میں بھی جاری ہے۔ پاکستان نے واضح کیا ہے کہ سفارتکاری کا عمل جاری ہے، مسئلے کے پرامن اور مذاکراتی حل کیلئے کوششیں جاری رکھی جائیں گی، پاکستان نے آبنائے ہرمز کو عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کیلئے اہم گزرگاہ قرار دیا۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان جہازوں کی محفوظ آمد ورفت پر زور دیتا ہے، آبنائے ہرمزمیں کشیدگی کے عالمی معیشت پر اثرات ہورہے ہیں، اس کی معمول کی بحالی ضروری ہے۔انہوں نے کہا پاکستان خطے میں امن کیلئے بھرپور سفارتی کوششیں کر رہا ہے۔ ترکیہ کے صدر نے وزیر اعظم پاکستان کی امن کوششوں کو سراہا، ترکیہ پاکستان کی امن کوششوں کی مسلسل حمایت کر رہا ہے۔، وزیر اعظم نے ایران کا وفد اسلام آباد بھیجنے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کا ایران اور سعودی عرب کی قیادت سے بھی رابطہ ہوا، شہباز شریف نے سعودی ولی عہد کی پاکستان کیلئے مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا، پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ اور مضبوط تعلقات ہیں، دونوں ممالک سٹریٹجک دفاعی شراکت دار ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کی، قطری قیادت نے خطے میں کشیدگی کم کرنے میں پاکستان کے کردار کو سراہا، وزیر اعظم سے یورپی کونسل کے صدر کی بھی بات ہوئی، دونوں رہنماں نے مذاکرات اور سفارتکاری کی اہمیت پر زور دیا۔ترجمان نے بتایا کہ پاکستان خطے میں امن کیلئے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے، وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں تمام فریقین سے رابطے جاری ہیں، امریکا اور ایران کے ساتھ سفارتی رابطے مسلسل برقرار ہیں، پیچیدہ مسائل کے حل کیلئے مذاکرات پر مبنی سفارتکاری پر یقین رکھتے ہیں۔طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ پاکستان صومالی لینڈ کو صومالیہ کا حصہ تصور کرتا ہے، پاکستان صومالیہ کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت کرتا ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ افغانستان سے سرحد پار فائرنگ اور گولہ باری کی مذمت کرتے ہیں، ماضی میں بھی ایسے واقعات میں شہریوں کو نشانہ بنایا گیا، متاثرہ خاندانوں سے مکمل ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، متاثرین کی مدد کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close