اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے جعلی کالز اور ایس ایم ایس کے حوالے سے شہریوں کو خبردار کر دیا۔
پی ٹی اے کی جانب سے جاری اسکیم الرٹ میں کہا گیا ہے کہ شہری جعلی کالز اور پیغامات سے محتاط رہیں، کیونکہ اسکیمرز خود کو پی ٹی اے، بینک یا کورئیر سروسز کا نمائندہ ظاہر کر کے ذاتی معلومات حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
الرٹ میں واضح کیا گیا کہ شہری کبھی بھی اپنا شناختی کارڈ نمبر، او ٹی پی یا پاس ورڈ کسی کے ساتھ شیئر نہ کریں اور نامعلوم یا مشکوک لنکس پر کلک کرنے سے گریز کریں۔
پی ٹی اے نے ہدایت کی ہے کہ کسی بھی فراڈ یا جعلی پیغام کی فوری شکایت complaint.pta.gov.pk یا PTA CMS App (گوگل پلے یا ایپل اسٹور) کے ذریعے درج کروائی جائے۔
ادھر پی ٹی اے نے گزشتہ روز جعلی سمز کے اجرا سے بچاؤ کے لیے بھی رہنما اصول جاری کیے تھے، جن میں شہریوں کو ہدایت دی گئی کہ چوک چوراہوں یا بازاروں سے مفت سم حاصل نہ کریں بلکہ نئی سم صرف موبائل کمپنی کے کسٹمر سروس سینٹر یا فرنچائز سے خریدیں۔
مزید کہا گیا کہ شہری اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کی اجازت کے بغیر کوئی سم ان کے شناختی کارڈ پر رجسٹرڈ نہ ہو، اور مفت سم کے لالچ میں بائیو میٹرک تصدیق نہ کروائیں کیونکہ اس سے ان کے نام پر غیر قانونی سمز جاری ہو سکتی ہیں۔
پی ٹی اے نے یہ بھی ہدایت کی کہ اپنے نام پر رجسٹرڈ اضافی یا غیر استعمال شدہ سمز کو فوری طور پر بلاک کروا دیا جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ دھوکہ دہی سے بچا جا سکے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






