اسٹیبلشمنٹ نے مذاکرات کیلئے رابطہ کیا یا نہیں؟ پی ٹی آئی ترجمان رئوف حسن نے بتادیا

اسلام آباد (پی این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان روف حسن نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ سے بات چیت کیلئے کل بھی تیار تھے، آج بھی تیار ہیں اور آئندہ بھی تیار رہیں گے لیکن اسٹیبلشمنٹ نے مذاکرات کیلئے کوئی رابطہ نہیں کیا۔

روف حسن کا کہنا تھاکہ اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کیلئے سوا سال سے کمیٹی بنائی ہوئی ہے۔ اسٹیبلشمنٹ سے بات چیت کیلئے کل بھی تیار تھے، آج بھی تیار ہیں اور آئندہ بھی تیار رہیں گے مگر ان کی طرف سے اب تک کوئی رابطہ نہیں ہوا۔ان کا کہنا تھاکہ مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے ہمارا مینڈیٹ چرایا ہے، ان سے کوئی بات چیت نہیں ہوگی، دیگر تمام جماعتوں سے بات کر سکتے ہیں، ہمارا 6 جماعتی اتحاد اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم سیاسی جماعتوں سے بات چیت کیلئے تیار ہیں۔

ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ حکومتی جماعتیں مذاکرات میں سنجیدہ ہیں تو پہلے ہمارا مینڈیٹ واپس کریں، اسٹیبلشمنٹ سے اپنے لئے کچھ نہیں مانگیں گے، انہیں یہ بتانے کیلئے مذاکرات کریں گے کہ ان کا کوئی سیاسی کردار نہیں ہونا چاہئے، سب اداروں کو آئینی حدود میں رہ کر کام کرنا پڑے گا۔خیال رہے کہ گزشتہ روز جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے شہریار آفریدی نے کہا تھا کہ صرف آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی سے مذاکرات چاہتے ہیں۔ان کا کہنا تھاکہ میرے لیڈر کی پہلے دن سے خواہش تھی کہ انگیج کریں، میرا لیڈر انگیج کرنا چاہتا ہے لیکن کوئی رسپانس نہیں آتا، رسپانس آتا تو سب کوپتاچلتا، یہ ملک، فوج اور ادارے میرے ہیں، فوج سے مذاکرات ہوں گے اور بہت جلد ہوں گے۔

close