وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھی پی ٹی آئی کیساتھ رابطوں کی تصدیق کر دی

اسلام آباد (آئی این پی)وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو ملکی مسائل اور اپنی پالیسیوں کے حوالے سے حقیقت کا احساس ہو رہا ہے اور وہ جان گئے ہیں کہ دھرنوںسے الیکشن کی تاریخ حاصل کرنے سے ملک میں آئین کو شکست ہو گی۔

جمعرات کووزیردفاع خواجہ آصف نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ موجودہ سیاسی حالات میں ایسا لگتا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو ملکی مسائل اور ان کی اپنی پالیسیز کے حوالے سے حقیقت کا احساس ہو رہا ہے اور وہ جان گئے ہیں کہ دھرنوں، دھونس دھاندلی سے الیکشن کی تاریخ حاصل کرنے سے ملک میں آئین کو شکست ہو گی۔انہوں نے کہا کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے ساتھ وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار کا رابطہ ہوا تھا جس میں ملکی معیشت کے حوالے سے سیر حاصل گفتگو کی گئی جبکہ ان کے ساتھ مئی میں بھی معیشت کے مسائل پر بات چیت ہوئی تھی اور یہ نقطہ رکھا گیا تھا کہ سیاسی معاملات کو ایک طرف رکھ کرملکی معیشت پر اتفاق رائے قائم کرلیا جائے۔ خواجہ آصف نے پی ٹی آئی سے رابطوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی سے حکومت کی غیر رسمی رابطے ضرور ہوئے ہیں جس میں پی ٹی آئی نے حکومت سے الیکشن کی تاریخ دینے کا مطالبہ رکھا تھا جبکہ ان کی بات اس طرح کی تھی کہ دونوں اطراف کی فیس سیونگ ہو جائے۔

close