وزیراعظم شہباز شریف آج کہاں روانہ ہو رہے ہیں؟ بڑی خبر

اسلام آباد ( آئی این پی ) وزیر اعظم شہباز شریف ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کی دعوت پر دوروزہ دورے پر(آج ) جمعہ کو روانہ ہوں گے ۔جمعرات کو دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیر اعظم شہباز شریف ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کی دعوت پر دوروزہ دورے پر جمعہ کو روانہ ہوں گے ، جہاں وہ استنبول شپ یارڈ میں پاکستان نیوی کے لیے حاصل کیے گئے چار ملگیم کارویٹ جہازوں میں سے تیسرے جہاز کا مشترکہ افتتاح کریں گے،

دو روزہ دورے میںترکیہ کی کاروباری کمیونٹی سے بات چیت کرنے کے ساتھ ساتھ استنبول میں قیام کے دوران ای سی او ٹریڈ اینڈ ڈیولپمنٹ بینک کے صدر کے ساتھ بھی ملاقات کریں گے۔دفتر خارجہ کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان باہمی تعلقات، علاقائی صورتحال سمیت دیگر مفادات عامہ پر تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے۔ دونوں ممالک ایمان، ثقافت اور تاریخ کی مشترکات میں گہرائی سے جڑے ہوئے ہیں جو ہم آہنگی اور باہمی اعتماد پر مبنی برادرانہ تعلقات سے سے لبریز ہیں۔دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نیوی کے لیے پہلے کارویٹ پی این ایس بابرکی لانچنگ تقریب اگست 2021 میں استنبول میں ہوئی تھی، جبکہ دوسرے جہازپی این ایس بدرکا سنگ بنیاد مئی 2022 میں کراچی میں رکھا گیا تھا۔یہ منصوبہ پاکستان-ترکیہ کی اسٹریٹجک شراکت داری میں ایک اہم سنگ میل کی نمائندگی کرتا ہے۔

close