پاسپورٹ بنوانا ہوا انتہائی آسان، حکومت نے ای پاسپورٹ کے اجرا کا فیصلہ کر لیا

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے آئندہ سال سے ای پاسپورٹ کے اجرا کا فیصلہ کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ای پاسپورٹ کے اجرا سے متعلق آج وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کی زیر صدارت اجلاس منعقد کیا گیا۔ اس اجلاس میں سیکریٹری داخلہ اورچیئرمین نادرا ، ڈی جی پاسپورٹ اورایڈیشنل ڈی جی ایف آئی اے نے شرکت کی۔

میڈیا ذرائع کے مطابق شیخ رشید کی زیر صدارت اس اجلاس میں آئندہ سال سے ای پاسپورٹ کے اجرا کا فیصلہ کیا گیا۔ ای پاسپورٹ کے اجرا کو ایک اہم اقدام کے طور پر بیان کیا جا رہا ہے، جو موجودہ مینوئل سسٹم میں تمام رکاوٹوں کو ختم کرنے اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو آسانی سے آن لائن درخواستوں پر کارروائی کرنے میں مدد کرے گا۔واضح رہے کہ مائیکرو چپ کارڈ کے حامل ای پاسپورٹ میں درخواست گزار کی تمام تر تفصیلات محفوظ ہوں گی، چپ میں محفوظ مسافر کے کوائف اور سفری تفصیلات امیگریشن اور نادرا کے سسٹم سے لنک ہوں گی۔اس کے محفوظ سکیورٹی فیچرز میں متعدد چیزیں شامل ہیں، ای پاسپورٹ کے مرکزی صفحے پر پاسپورٹ ہولڈر کی ایک کی بجائے 2 تصاویر ہوں گی، پاسپورٹ کا مرکزی صفحہ بین الاقوامی معیار کے مطابق ڈاٹ پر مشتمل ہوگا، اور نئے پاسپورٹ میں جعل سازی اور مرکزی صفحے کی تبدیلی ناممکن بنائی گئی ہے۔

ای پاسپورٹ کی سہولت سے مسافر بغیر کسی روک ٹوک کے امیگریشن گیٹ سے گزر سکتے ہیں۔جبکہ مسافروں کو کسی لمبی لائنوں اور ائیرپورٹ پر ہونے دیگر مشکلات کا بھی سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ ای پاسپورٹ سے ائیرپورٹ پر دستاویزی سفری کارروائی انتہائی مختصر وقت میں مکمل ہوگی، ذرائع کا کہنا تھا کہ کم وقت میں بورڈنگ کارڈ، امیگریشن کی تکمیل سے طیارے تک تیز ترین رسائی ممکن ہوگی۔ ای پاسپورٹ کو ائیرپورٹ پر لگے ای گیٹس کے ذریعے سکین کیا جائے گا، جس سے ای پاسپورٹ میں موجود چپ کے ذریعے آپ کی تمام معلومات فوراً سامنے آجائے گی۔

بعدازاں مسافر کو اگلے گیٹ کی طرف جانا ہوگا جہاں اسے اپنی فنگر پرنٹس اور کیمرے کے سامنے کھڑے ہو کر اپنی شناخت کی تصدیق کروانا ہوگی۔ ای پاسپورٹ کے اجرا کے بعد جعلی پاسپورٹ کا تصور بھی ختم ہو جائے گا۔

close