افغانستان میں معاشی استحکام کیلئے عالمی برادری کوکرداراداکرناہوگا، وزیراعظم

اسلام آباد(آئی این پی)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ افغانستان میں معاشی استحکام کیلئے عالمی برادری کو کردار ادا کرنا ہو گا،تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ، دونوں رہنمائوں کے درمیان افغانستان کی صورتحال میں پیشرفت پرتبادلہ خیال کیا گیا،ٹیلیفونک رابطے کے دوران وزیراعظم نے افغانستان میں امن و استحکام اور سیاسی تصفیے کی اہمیت پر زور دیا، عمران خان نے افغانستان کے لیے اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی کے مشن کو ہموار کرنے کیلئے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے،وزیراعظم نے افغان عوام کو انتہائی ضروری انسانی امداد پہنچانے میں اقوام متحدہ کے اہم کردار کو سراہا اور پاکستان کی جانب سے اقوام متحدہ کو فراہم کی جانے والی سہولت پر روشنی ڈالی جس میں انخلا اور نقل مکانی کی کوششوں میں معاونت بھی شامل ہے،ٹیلیفونک گفتگو میں عمران خان نے کہا کہ 4دہائیوں سے جاری افغان تنازع کے خاتمے کے موقع سے فائدہ اٹھانا ہو گا۔ تنازع ختم ہونے سے افغان عوام کو پائیدار امن اور خوشحالی حاصل ہو گی۔ افغانستان میں معاشی استحکام کیلئے عالمی برادری کو کردار ادا کرنا ہو گا،وزیر اعظم عمران خان نے انسانی ضروریات کو پورا کرنے اور معاشی استحکام کو یقینی بنانے کیلئے فوری ترجیح کے مطابق بین الاقوامی برادری کو افغانستان کے ساتھ مزید ساتھ تعاون کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات نہ صرف سکیورٹی کو تقویت بخشیں گے بلکہ افغانوں کو ان کے ملک سے بڑے پیمانے پر نکلنے سے بھی روکیں گے، اس طرح افغانستان میں پناہ گزینوں کے بحران کو روکا جائے گا۔

close