پاکستان، افغانستان میں قیام امن کا خواہاں اور جامع سیاسی تصفیے کا حامی ہے، شاہ محمود قریشی

اسلام آباد(آن لائن ) وزیر خا رجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان، افغانستان میں قیام امن کا خواہاں اور جامع سیاسی تصفیے کا حامی ہے ،پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھاری قیمت ادا کی ،افغانستان میں چار دہائیوں کے بعد امن کی بحالی کے امکانات پیدا ہوئے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ عالمی برادری، افغانوں کی مالی معاونت کیلئے آگے بڑھے تاکہ افغان تنہائی کا شکار نہ ہوں، اس نازک موقع پر افغانستان کو تنہا چھوڑا گیا تو مزید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ ان خیالات کا ا اظہار انہوں نے نیدرلینڈ کی وزیر خارجہ سگرڈ کاگ کے دورہ پاکستان کے موقع پر وزارتِ خارجہ میں وفود کی سطح پر مذاکرات کے دوران کیا ۔ پاکستانی وفد کی قیادت وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی جبکہ نیدرلینڈ کے وفد کی قیادت وزیر خارجہ سگرڈ کاگ نے کی۔ ان مذاکرات میں دو طرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ اور افغانستان کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ نے نیدرلینڈ کی وزیر خارجہ سگرڈ کاگ اور ان کے وفد کو وزارتِ خارجہ آمد پر خوش آمدید کہا ۔شاہ محمود قریشی کا اس موقع پر کہناتھا کہ پاکستان، نیدرلینڈ کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ نیدرلینڈ، یورپی یونین میں پاکستان کا دوسرا بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔بہت سی ڈچ کمپنیاں، پاکستان میں کامیابی کے ساتھ کاروبار کر رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا افغانستان کی بدلتی ہوئی صورتحال کے تناظر میں پاکستان اور نیدرلینڈ مسلسل رابطے میں ہیں ، 18 اگست کو وزیر اعظم عمران خان اور نیدرلینڈ کے وزیر اعظم مارک رٹ کے درمیان، افغانستان کی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا، میرا یورپی یونین ممبر ممالک کے بہت سے وزرائے خارجہ کے ساتھ افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ ئ￿ خیال ہوا ۔شاہ محمود قریشی نے کہا افغانستان کے حوالے سے لگائے گئے تمام اندازے غلط ثابت ہوئے۔یہ بات اطمینان بخش ہے کہ افغانستان میں حالیہ تبدیلی کے دوران کوئی خون خرابہ نہیں ہوا۔طالبان کی جانب سے سامنے آنے والے بیانات حوصلہ افزا ہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا پاکستان، افغانستان میں قیام امن کا خواہشمند ہے، پاکستان، افغانستان میں جامع سیاسی تصفیے کا حامی ہے، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھاری قیمت ادا کی۔افغانستان میں چار دہائیوں کے بعد امن کی بحالی کے امکانات پیدا ہوئے ہیں۔ہم نہیں چاہتے کہ نوے کی دہائی میں کی جانے والی غلطیوں کو دہرایا جائے؎ہم چاہتے ہیں کہ عالمی برادری، افغانوں کی مالی معاونت کیلئے آگے بڑھے تاکہ افغان تنہائی کا شکار نہ ہوں۔شاہ محمود قریشی نے کہا عالمی برادری ، افغانستان میں انسانی المیے کے خدشے کو دور کرنے کیلئے، افغانوں کو انسانی مدد کی فراہمی یقینی بنا۔اگر اس نازک موقع پر افغانستان کو تنہا چھوڑا گیا تو مزید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا افغانستان میں قیام امن سے پورا خطہ مستفید ہو گا اور علاقائی روابط کو فروغ ملے گا۔ وزیر خارجہ نے نیدرلینڈ کی وزیر خارجہ کو افغانستان کے حوالے سے علاقائی سطح پر متفقہ لائحہ عمل کی تشکیل کیلئے کیے گئے حالیہ چار ملکی دورے کی تفصیلات سے آگاہ کیا ۔انہوں نے کہا پاکستان نے نیدرلینڈ سمیت 24 ممالک کے سفارتی عملے اور شہریوں کو کابل سے بحفاظت نکالنے میں معاونت فراہم کی۔ نیدرلینڈ کی وزیر خارجہ نے پاکستان کی جانب سے لاکھوں افغان مہاجرین کی چار دہائیوں تک، میزبانی کی فراہمی کو سراہا نیدرلینڈ کی وزیر خارجہ نے کابل سے انخلائ￿ میں پاکستانی معاونت کو سراہتے ہوئے، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور پاکستان کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

close