بری خبر ، دودھ کی فی لیٹر قیمت میں بڑا اضافہ

کراچی: ڈیری فارمرز نے دودھ کی قیمت میں 60 روپے فی لیٹر اضافے کا مطالبہ کرتے ہوئے دھمکی دی کہ نوٹیفکیشن جاری نہ ہوا تو دودھ کی قیمت خود 300 روپے فی لیٹر مقرر کر دیں گے۔

 

تفصیلات کے مطابق کراچی میں شہریوں کے لیے دودھ مزید مہنگا ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے، جہاں ڈیری فارمرز نے حکومت اور انتظامیہ کی رٹ کو چیلنج کرتے ہوئے دودھ کی قیمت میں فوری طور پر 60 روپے فی لیٹر اضافے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

 

ڈیری فارمرز کے ترجمان شبیر ڈار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کمشنر کراچی فوری طور پر دودھ کی قیمت میں اضافے کا نیا نوٹیفکیشن جاری کریں۔

 

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر انتظامیہ نے نوٹیفکیشن جاری نہ کیا تو ڈیری فارمرز از خود دودھ کی قیمت 300 روپے فی لیٹر مقرر کر کے فروخت شروع کر دیں گے۔

 

ترجمان کا کہنا تھا کہ متعدد درخواستوں اور ملاقاتوں کے باوجود کمشنر کراچی نوٹیفکیشن جاری کرنے کے بجائے مسلسل نئی تاریخیں دے رہے ہیں، جس کی وجہ سے موجودہ حالات میں فارمرز کے لیے کاروبار چلانا انتہائی مشکل ہو چکا ہے۔

 

انہوں نے بتایا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث چارے، ٹرانسپورٹ اور ایندھن کے اخراجات میں بے حد اضافہ ہوا ہے جبکہ 800 روپے میں ملنے والا بھوسہ اب مارکیٹ میں تقریباً 1,700 روپے میں دستیاب ہے۔ جانوروں کی خوراک، ادویات، بجلی، پانی اور مزدوری کے اخراجات بھی بڑھ چکے ہیں۔

 

ڈیری فارمرز کا کہنا ہے کہ دودھ کی سرکاری قیمت فارمر کی حقیقی پیداواری لاگت کے مطابق مقرر کی جائے، بصورت دیگر مناسب ریٹ نہ ملنے پر کراچی میں دودھ کی فراہمی شدید متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔