پاکستانی نوجوانوں کے لیے ’آٹو سی وی کریٹر سسٹم‘ متعارف کرا دیا گیا، جس سے وہ معیاری سی وی منٹوں میں تیار کر سکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت سندھ نے صوبے کے نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی اور جدید ڈیجیٹل دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے پائلٹ پروجیکٹ ’آئی ورک فار سندھ‘ کے تحت جدید ’آٹو سی وی کریٹر سسٹم‘ متعارف کرا دیا ہے۔
صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ اس جدید نظام کے ذریعے امیدوار اپنی تعلیمی و پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے مطابق انتہائی منظم اور معیاری سی وی منٹوں میں تیار کر سکیں گے۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو ملازمتوں کے لیے بہتر اور مؤثر انداز میں درخواست دینے کے قابل بنانا ہے۔
پلیٹ فارم پر اب تک 718 نجی و سرکاری کمپنیاں رجسٹرڈ ہو چکی ہیں جبکہ پورٹل پر 21 ہزار 233 سے زائد نوکریوں کے مواقع دستیاب ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اب تک 4 لاکھ 71 ہزار سے زائد امیدوار ملازمتوں کے لیے درخواستیں جمع کرا چکے ہیں جبکہ پلیٹ فارم کے ذریعے 4 ہزار 470 امیدوار کامیابی سے کورسز مکمل کر چکے ہیں اور 5 ہزار 225 سے زائد نوجوان اس وقت مختلف کورسز میں زیر تعلیم ہیں۔
شرجیل انعام میمن نے مزید بتایا کہ پلیٹ فارم پر آرٹیفیشل انٹیلی جنس پر مبنی ‘AI-Powered Career & Job Assistance Agent’ بھی تیار کیا جا رہا ہے، جو امیدواروں کو ان کی مہارت کے مطابق کیریئر گائیڈنس اور ملازمت کی تلاش میں مدد فراہم کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کا حتمی مقصد صوبے میں ایک جدید اور سسٹین ایبل ڈیجیٹل روزگار کا ایکو سسٹم قائم کرنا ہے۔






