پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے وزیراعظم ریلیف اسکیم پر عملدرآمد سے انکار کرتے ہوئے سبسڈی کی ادائیگی کے طریقہ کار پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
ایسوسی ایشن کے رہنما نعمان علی بٹ کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے سبسڈی کا اعلان خوش آئند ہے، تاہم اسکیم شروع کرنے سے قبل پیٹرولیم ڈیلرز سے کوئی مشاورت نہیں کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ متعلقہ وزارت، وزیراعظم ہاؤس اور اوگرا کی جانب سے بھی ڈیلرز کو اعتماد میں نہیں لیا گیا، جبکہ اسکیم کو ان سے مشاورت کے بغیر پمپس پر نافذ کیا جا رہا ہے۔
ایسوسی ایشن کے مطابق سب سے اہم مسئلہ سبسڈی کی رقم کی ادائیگی کا غیر واضح طریقہ کار ہے۔ نعمان علی بٹ نے کہا کہ جب یہ معلوم ہی نہیں کہ سبسڈی کی رقم ڈیلرز کو کس طریقے سے فراہم کی جائے گی تو اس اسکیم پر عملدرآمد کیسے ممکن ہوگا۔
انہوں نے واضح کیا کہ اگر حکومت سبسڈی کی ادائیگی کی مکمل ضمانت دے تو اسکیم پر غور کیا جا سکتا ہے، تاہم ادائیگی کی ضمانت نہ ہونے کی صورت میں ڈیلرز کے لیے اس پر عمل کرنا ممکن نہیں۔
پیٹرول پمپ مالکان کا کہنا ہے کہ ڈیلرز کو اعتماد میں لیے بغیر اسکیم شروع کرنا مناسب نہیں۔ ان کے مطابق بقایاجات اور سبسڈی کی رقوم کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔





