سری لنکا، بنگلہ دیش اور پاکستان کی ویمنز انڈر 19 ٹیموں کے درمیان سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا۔
سہ فریقی سیریز 2 سے 16 اکتوبر تک فیصل آباد میں کھیلی جائے گی، جس کے تمام 10 ٹی ٹوئنٹی میچز اقبال اسٹیڈیم میں ہوں گے۔
سری لنکا انڈر 19 ٹیم 28 ستمبر جبکہ بنگلہ دیش انڈر 19 ٹیم 29 ستمبر کو پاکستان پہنچے گی۔ ویمنز انڈر 19 ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کی تیاریوں کے لیے سیریز کا فارمیٹ ٹرپل راؤنڈ رابن رکھا گیا ہے۔
ہر ٹیم چھ ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی، جبکہ ٹاپ دو ٹیموں کے درمیان فائنل 16 اکتوبر کو ہوگا۔ سیریز کے تمام میچز صبح 10 بجے شروع ہوں گے۔
سیریز کے لیے پاکستان ویمنز انڈر 19 کی 20 رکنی ٹیم کا اعلان بھی کردیا گیا ہے۔ فضہ فیاض ٹیم کی کپتان ہوں گی، جبکہ بیٹرز قمروش فرحان، پاکیزہ شبیر، ملائکہ سہانی اور آف اسپنر افشین خان کو پہلی مرتبہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
پاکستان ویمنز انڈر 19 ٹیم بدھ سے بوڑانوالا گراؤنڈ اور اقبال اسٹیڈیم میں تربیتی کیمپ کا آغاز کرے گی، جبکہ بنگلہ دیش اور سری لنکا کی انڈر 19 ٹیمیں 29 اور 30 ستمبر اور یکم اکتوبر کو اقبال اسٹیڈیم میں ٹریننگ کریں گی۔






