پاکستان میں پیٹرول کی قیمت میں معمولی اضافہ کردیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول 341 روپے 98 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 370 روپے 69 پیسے فی لیٹر میں فروخت ہوگا۔
وزارتِ پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے 25 اگست کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 39 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 40 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔
17 جولائی سے اب تک پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 10 مرتبہ کمی اور 15 مرتبہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں اس دوران 7 مرتبہ کمی اور 18 مرتبہ اضافہ ہوا۔
مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال کے باعث حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے روزانہ کی بنیاد پر تعین کا فیصلہ کیا تھا، تاہم ہفتہ اور اتوار کو قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی جاتی اور موجودہ قیمتیں برقرار رہتی ہیں۔





