آٹا، گھی، گوشت،دودھ اور سبزیاں مہنگی ، عوام نے سر تھام لیا

روزمرہ استعمال کی اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافے نے شہریوں کو پریشان کردیا ہے، اور سرکاری نرخ اور مارکیٹ قیمتوں میں نمایاں فرق برقرار ہے۔

 

شہر میں مہنگائی کا راج برقرار ہے اور آٹا، گھی، کوکنگ آئل، دالیں، چاول، سبزیاں، پھل اور دودھ سمیت روزمرہ استعمال کی بیشتر اشیاء مہنگے داموں فروخت ہونے لگی ہیں۔

 

مارکیٹ میں 15 کلو آٹے کا تھیلا 2100 روپے تک فروخت کیا جا رہا ہے، جبکہ درجہ اول کا کوکنگ آئل اور گھی 615 روپے فی لٹر تک پہنچ گیا ہے۔ چاول بھی 450 روپے فی کلو فروخت ہونے سے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے۔ روٹی کی قیمتوں میں بھی سرکاری نرخ اور مارکیٹ ریٹ میں واضح فرق سامنے آیا ہے۔ سرکاری طور پر 14 روپے مقرر روٹی مارکیٹ میں 20 روپے میں فروخت کی جا رہی ہے۔

 

شہریوں کا کہنا ہے کہ سبزیاں اور ترکاریاں بھی سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق دستیاب نہیں، جبکہ پھل اور دودھ کی قیمتیں بھی ان کی قوت خرید سے باہر ہوتی جا رہی ہیں۔

 

گوشت کی قیمتوں میں بھی بڑا فرق دیکھنے میں آ رہا ہے۔ 800 روپے فی کلو کے سرکاری نرخ والے بیف کی قیمت 1500 روپے تک وصول کی جا رہی ہے، جبکہ 1600 روپے سرکاری نرخ والا مٹن 3000 روپے فی کلو میں فروخت ہونے کی شکایات سامنے آ رہی ہیں۔