آج پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں کیا چل رہی ہیں ؟ جانئے مکمل تفصیل

**پاکستان میں پیٹرول مہنگا، ڈیزل سستا، نئی قیمتوں کا اطلاق**

پاکستان میں آج پیٹرول کی قیمت 333 روپے 01 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 383 روپے 62 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد 6 اگست کے لیے پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 45 پیسے فی لیٹر اضافہ جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا ہے۔

20 جولائی سے 6 اگست تک کے اعداد و شمار کے مطابق اس عرصے میں پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر پانچ بار کمی، سات بار اضافہ جبکہ ایک روز قیمت برقرار رکھی گئی۔ دوسری جانب ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں صرف چار بار معمولی کمی جبکہ آٹھ بار اضافہ کیا گیا۔

ریکارڈ کے مطابق 20 جولائی کو پیٹرول 35 پیسے سستا جبکہ ڈیزل 5 روپے 71 پیسے مہنگا ہوا۔ اس کے بعد 21 سے 24 جولائی تک مسلسل چار روز دونوں ایندھنوں کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا۔ 25 جولائی کو قیمتیں برقرار رہیں، جبکہ 27 جولائی کو پیٹرول ایک روپیہ سستا اور ڈیزل 3 روپے 37 پیسے مہنگا ہوا۔ 28 جولائی کو دونوں مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا، 29 جولائی کو پیٹرول 75 پیسے سستا جبکہ ڈیزل 2 روپے 24 پیسے مہنگا ہوا، اور 30 جولائی کو دونوں کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک کے مطابق اب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین روزانہ کی بنیاد پر کیا جا رہا ہے، اور اوگرا روزانہ نئی قیمتیں جاری کرکے اپنی ویب سائٹ پر اپ ڈیٹ کرے گا۔

حکومت کا کہنا ہے کہ ماضی میں عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں، ڈالر کی قدر اور ٹیکسوں کا جائزہ ہر 15 روز بعد لیا جاتا تھا، تاہم امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں تیزی سے تبدیلیاں آ رہی ہیں۔ اسی تناظر میں عوامی سہولت اور مارکیٹ کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے روزانہ تعین کا نظام نافذ کیا گیا ہے۔