پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یومیہ ردوبدل کے حوالے سے اوگرا کیلئے گائیڈ لائنز جاری کردی گئیں ، ہفتہ اور اتوار کے روز قیمتوں میں تبدیلی نہیں ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے ملکی تاریخ میں پہلی بار پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے روزانہ کی بنیاد پر تعین کا نیا طریقہ کار متعارف کراتے ہوئے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی کو نئی گائیڈ لائنز جاری کر دی ہیں۔
یکم جولائی 2026 سے نئے بین الاقوامی اصولوں کے تحت پیٹرول اور ڈیژل کے نرخ روزانہ تبدیل ہوں گے۔
سرکاری دستاویز میں کہا گیا کہ اب پپیٹرول اورڈیزل کی قیمتیں 7 ورکنگ ڈیز کے اوسط عالمی نرخوں سے منسلک ہونگی جبکہ ہفتہ اور اتوار کے روز پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تبدیلی نہیں ہوگی۔
اوگرا کو روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں کے اعلان کے لیے اب حکومت سے پیشگی منظوری لینے کی ضرورت نہیں ہوگی. قیمتوں کا فیصلہ درآمدی لاگت اور پریمیم کی بنیاد پر خودکار طریقے سے ہوگا۔ اگر پیٹرولیم مصنوعات درآمد نہیں کی گئیں، تو قیمت کا تعین سالانہ اوسط پریمیم کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
دستاویز میں واضح کیا گیا ہے کہ وفاقی کابینہ کی جانب سے مقرر کردہ حد سے زیادہ پیٹرولیم لیوی چارج نہیں کی جائے گی جبکہ پیٹرولیم لیوی میں کسی بھی قسم کی تبدیلی یا ردوبدل صرف وزارتِ خزانہ کی باقاعدہ منظوری کے بعد ہی ممکن ہو سکے گا۔
شفافیت کو برقرار رکھنے کے لیے اوگرا کو یکم جولائی 2026 سے عالمی مارکیٹ کے ریفرنس ریٹس روزانہ اپنی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کرنا لازمی ہوگا۔
نئی پالیسی کے تحت آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو ان کے مارکیٹ شیئر کے مطابق پیٹرول درآمد کرنے کی اجازت ہوگی۔ تاہم، امپورٹ کی شرائط و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والی کمپنیوں کو 9 ماہ تک کے لیے نااہل قرار دیا جا سکے گا۔ اس کے علاوہ، پاکستان اسٹیٹ آئل مالیاتی سال 2027 سے صرف ہائی اسپیڈ ڈیژل درآمد کرنے کی اہل ہوگی۔
حکومت نے مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیژل آئل کی قیمتیں بھی روزانہ کی بنیاد پر طے کرنے کا حکم دیتے ہوئے اوگرا کو اس نئے میکانزم پر فوری عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کر دی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






