سندھ میں موسمِ گرما کی تعطیلات ختم ہونے کے قریب پہنچنے کے بعد والدین اور طلبہ میں یہ سوال زیرِ بحث ہے کہ آیا اسکول مقررہ شیڈول کے مطابق کھلیں گے یا شدید گرمی کے باعث چھٹیوں میں توسیع کی جائے گی۔
سندھ حکومت نے سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں موسمِ گرما کی تعطیلات یکم جون سے 31 جولائی 2026 تک مقرر کی تھیں، جبکہ نئے تعلیمی سال کا آغاز یکم اگست 2026 سے ہونا طے ہے۔
اسکول کھلنے کی تاریخ قریب آنے کے ساتھ والدین میں تشویش بڑھ رہی ہے کیونکہ محکمہ موسمیات نے اگست کے دوران صوبے میں شدید گرمی اور حبس برقرار رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ کراچی سمیت ساحلی علاقوں میں زیادہ نمی کے باعث گرمی کی شدت زیادہ محسوس ہونے کی توقع ہے۔
اس کے علاوہ سندھ کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں کا امکان بھی موجود ہے، جو طلبہ کی آمدورفت اور تعلیمی سرگرمیوں کے لیے مشکلات پیدا کر سکتا ہے۔
تاہم تعطیلات میں توسیع کے حوالے سے محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ اعلان یا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا۔ موجودہ صورتحال کے مطابق تعلیمی ادارے یکم اگست سے معمول کے شیڈول کے تحت کھلنے کا امکان ہے۔
گزشتہ سال بھی سندھ حکومت نے موسمِ گرما کی تعطیلات میں توسیع نہیں کی تھی اور تعلیمی سرگرمیاں مقررہ کیلنڈر کے مطابق بحال کی گئی تھیں۔ اب والدین اور طلبہ صوبائی حکام کے آئندہ فیصلے کے منتظر ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






