سعودی عرب نے عمرہ زائرین کے لیے ایک سالہ ملٹی پل انٹری عمرہ ویزا متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت زائرین ایک سال کے دوران متعدد مرتبہ سعودی عرب کا سفر کر سکیں گے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ نے بتایا ہے کہ نئے ملٹی پل انٹری عمرہ ویزا پر ایک سال کے عرصے میں مجموعی طور پر 90 دن تک قیام کی اجازت ہو گی۔ اس سہولت کا مقصد عمرہ زائرین کے لیے سفر کو آسان بنانا اور مذہبی سیاحت کو فروغ دینا ہے۔
وزارت کے مطابق نئے ویزا نظام سے ایسے افراد کو سہولت ملے گی جو سال کے دوران ایک سے زیادہ مرتبہ عمرہ کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب آنا چاہتے ہیں۔
اس سے قبل سعودی عرب نے عمرہ زائرین کے لیے لازمی کیٹرنگ فیس کو عمرہ ویزا فیس میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا تھا، جس کا ابتدائی اطلاق پاکستان، بھارت، بنگلادیش اور مصر کے زائرین پر کیا جائے گا۔
نئی پالیسی کے تحت ہر عمرہ زائر سے تقریباً 20 سعودی ریال یومیہ نسک میل واؤچر کی مد میں وصول کیے جائیں گے۔ یہ رقم الگ سے وصول کرنے کے بجائے براہ راست عمرہ ویزا فیس کا حصہ ہو گی، جیسا کہ نسک پلیٹ فارم کے ذریعے لازمی ٹرانسپورٹ سروسز کی فیس وصول کی جاتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس نظام کا نفاذ یکم ربیع الاول سے متوقع ہے۔ پروگرام کے تحت 10 ہزار سے زائد ریستورانوں کو نسک ایپ سے منسلک کیا جا رہا ہے تاکہ زائرین کو قیام کے دوران کھانے کی سہولت فراہم کی جا سکے۔
نئے طریقہ کار کے مطابق ہر عمرہ زائر کو ویزا جاری ہونے سے پہلے ایک منفرد بی آر این میل کوڈ فراہم کیا جائے گا، جو اس کے ویزا سے منسلک ہو گا۔ زائرین قیام کے دوران اسی کوڈ کے ذریعے منظور شدہ ریستورانوں سے کھانا حاصل کر سکیں گے۔
واؤچر کی مالیت زائر کے قیام کی مدت کے مطابق مقرر کی جائے گی، جبکہ ویزا جاری ہونے سے قبل اس کی تصدیق بھی کی جائے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






