//

پیٹرولیم مصنوعات مہنگی، کرایوں میں اضافے کا اعلان

 

کراچی: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے ملک بھر میں گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 15 فیصد اضافے کا اعلان کر دیا۔

پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے صدر ملک شہزاد اعوان نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ٹول ٹیکس اور ودہولڈنگ ٹیکس فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز کو کسی قسم کا ریلیف نہیں دیا جا رہا، جس کے باعث شعبہ شدید مالی دباؤ کا شکار ہے۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ٹول ٹیکس، ودہولڈنگ ٹیکس اور چالان کے نظام پر نظرثانی کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے متعدد ٹرانسپورٹرز اپنی گاڑیاں کھڑی کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔

ملک شہزاد اعوان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال میں ٹرانسپورٹ کے شعبے کو فوری ریلیف فراہم کرنا ناگزیر ہے۔

واضح رہے کہ حکومت نے حالیہ نظرثانی میں پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 44 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 31 روپے 5 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 316 روپے 15 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت 354 روپے 35 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close