حویلی کہوٹہ: وزیراعظم آزاد کشمیر و امیدوار اسمبلی حلقہ حویلی کہوٹہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ مختصر مدت کے دوران عوام کی بھرپور خدمت کی ہے، عوام نے دوبارہ موقع دیا تو خدمت اور تعمیر و ترقی کا یہ سفر مزید تیزی سے جاری رکھا جائے گا۔ عوامی مسائل کا حل اور علاقے کی تعمیر و ترقی ان کی اولین ترجیح ہے۔
وہ محمود گلی سے فارورڈ کہوٹہ تک نکالی گئی عوامی ریلی کے بعد منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ ریلی میں بڑی تعداد میں عوام اور پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنان نے شرکت کی اور وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کے حق میں نعرے لگائے۔
فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ حویلی کہوٹہ کے عوام نے جس اعتماد کا اظہار کیا ہے، وہ ان کے لیے باعثِ فخر ہونے کے ساتھ ایک بڑی ذمہ داری بھی ہے۔ حکومت نے قلیل مدت میں عوامی فلاح و بہبود اور علاقے کی ترقی کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں جن کے ثمرات عوام تک پہنچ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حویلی کہوٹہ کے عوام نے ہمیشہ مشکل وقت میں ان کا ساتھ دیا اور عوام کی محبت اور اعتماد کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ اگر عوام نے دوبارہ خدمت کا موقع دیا تو علاقے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو مزید آگے بڑھایا جائے گا جبکہ عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ سیاست کا مقصد محض اقتدار کا حصول نہیں بلکہ عوام کی خدمت ہے۔ حویلی کہوٹہ کے بنیادی مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ سڑکوں، صحت، تعلیم اور دیگر اہم شعبوں میں بہتری کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کام جاری رکھا جائے گا۔
تقریب کے شرکاء نے فیصل ممتاز راٹھور کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حویلی کے عوام اپنے قائدین سے عملی خدمت اور علاقے کی تعمیر و ترقی کی توقع رکھتے ہیں۔
تقریب کے اختتام پر ملکی و قومی سلامتی، آزاد کشمیر کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔






